کراچی (ڈیسک) نوےکی دہائی کی معروف ٹی وی ایکسٹریس غزل صدیقی طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر جلوہ افروز ہو رہی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر انھوں نے اپنے مداحوں کو ٹی وی ڈراموں میں واپسی سے متعلق بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں نشر کیے جانے والے ڈرامہ چاند تارا میں وہ اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ غزل صدیقی نے 90 کی دہائی میں ٹی وی ڈراموں میں کام کیا اور اپنی معصوم اور بھولی بھالی اداکاری کے ذریعے دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ انھوں نے اردو ڈراموں کےساتھ ساتھ سندھی زبان کے ڈراموں میں بھی بھرپور کردار ادا کیا۔
غزل صدیق نے شادی کے بعد اداکاری ترک کر دی تھی اور بارہ سال قبل کینیڈا منتقل ہو گئی تھی۔ اب 2023میں انھوں نے ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر جلوہ افروز ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ غزل نے ماضی کی معروف ڈرامہ سیریل ’ماروی‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اپنے بھرپور اداکاری کی بدولت وہ شوبز انڈسٹری میں خوب جانی پہچانی جاتی تھیں۔
