اسلام آباد (ڈیسک) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عوام کا بس چلے تو تھر کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیں۔
سماجی رابطے کی وئب سائٹ ٹویٹر پر ٹوئٹ کر تے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔ اپوزیشن کی اصلیت اور نیت دونوں سے عوام بخوبی آگاہ ہیں۔ قوم کو لوٹ کر مال بنانے والوں کو عوام نے نظروں سے گرایا اور عمران خان کو دہائیوں سے قوم پر مسلط 2 خاندانوں کے استحصالی راج سے نجات کا ذریعہ بنایا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ احساس اور درد کا رشتہ ہے۔ وہ ماضی کی حکومتوں کے عوام کو دیے گئے زخموں پر مرہم رکھ رہےہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کو اپنا بس چلانا ہے تو 2 خاندانوں سے لوٹی ہوئی قوم کی دولت واپس دلوائیں۔ پوری قوم آپ کا ساتھ دے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کا بس چلے تو تھر کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنادیں۔ ان کا مستقبل ان سے چھین لینے والوں کو لوہے کا زیور پہنائیں۔ ن لیگیوں سے کہتی ہوں کہ قوم کو وہ وقت نہیں بھولا جب عوام “شیر آٹا کھا گیا کے نعرے لگاتے تھے” ۔سارے پاکستان کو معلوم ہے کہ اس وقت آٹا،چینی ،گھی اور خاص کرکے مرغیوں پر کس کا کنٹرول تھا۔