اسلام آباد (ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام پر منی بجٹ کی صورت میں منی مہنگائی کا بم گرایا گیا ۔
قومی اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی قیادت نے انتخابات سے قبل کہا تھا کہ کہ ان کے پاس بہترین ٹیم موجود ہے جو عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کردیں گے اور اپنی مراعات کو بھی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے لیکن آ ج ذاتی دوست اور امپورٹڈ ایڈوائزر ہر جگہ نظر آرہے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پرسوں عوام کی غربت کا رونا رویا گیا اور آج عوام پر منی بجٹ کی صورت منی مہنگائی کا بم گرادیا گیا، متوسط طبقے کے لیے گیس کی قیمت بڑھا دی گئی ہے، اسد عمر ایک پڑھے لکھے وزیرخزانہ ہیں ان سے توقع نہیں تھی کہ وہ ایسا عوام دشمن بجٹ لائیں گے۔ آپ اشرافیہ کے لیے قیمتیں بڑھادیں کوئی اختلاف نہیں کرے گا لیکن غریب عوام پر ٹیکس بڑھانا ان کے بچوں پر ظلم کی بات ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پوری قوم کو علم ہے کہ یہ حکومت ووٹوں کے ذریعہ نہیں آئی، موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کی کمیٹی قائم کرنے کے فیصلے کی تحسین کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ خصوصی کمیٹی بروقت اپنا کام مکمل کر کے ایوان میں رپورٹ پیش کرے گی۔ ہم یہاں 2018 کے عام انتخابات کے نتائج کو دوام بخشنے کے لئے نہیں آئے بلکہ ہم جمہوریت کے فروغ و استحکام کے لیئے ایوان میں آئے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 2013 میں جب ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے بڑے چیلنجز ملے، لیکن ہم نے عوام کے ساتھ مل کر ان پر قابو پایا، نوازشریف کی قیادت میں پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے، پاور پراجیکٹس، زراعت کا سب سے بڑا پیکج ہماری حکومت نے دیا۔ کسانوں کو اربوں روپے کا زراعت پیکج دیا، صحت، تعلیم اور فرانزک لیب کی صورت میں عوام کو سہولیات دیں