You are currently viewing عمران کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوئی، آئندہ تاریخ پر حاضری ضروری ہے، عطا تارڑ

عمران کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوئی، آئندہ تاریخ پر حاضری ضروری ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم کے معاون داخلہ وقانونی امور خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ گزشتہ سماعت پر عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوئی، آئندہ تاریخ پر حاضری ضروری ہے۔
عطا تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ محمد خان بھٹی کی ایک وڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں انھوں نے اعتراف کیا کہ وہ معاملات کیسے نمٹاتے تھے ۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ایک جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں دو ریفرنس زیر التوا ہیں ،ایک ریفرنس شہری اور ایک بار کونسل کاہے جبکہ تیسراریفرنس بھی آرہاہے ۔
ہم کہہ رہے تھے کہ کینٹ میں 10 کروڑ میں خریدا گیا 40 کروڑ کا چار کنال کے گھر کی منی ٹریل نہیں ہے ، اس کی وضاحت آج کی تاریخ تک نہیں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وڈیو کے بعد ثابت ہوچکا ہے کہ پہلے جو آڈیو لیک ہوئی تھی وہ اصل اور اسی کے ساتھ منسلک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک صاحب کے دو بیٹوں نے دنوں میں کروڑوں اربوں روپے کمائے ہیں ۔ معاو ن خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ انصاف کا دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، عمران خان کے ایک حکم پر پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا جاتا تھا ،اب ان کے اپنے اربوں روپے کرپشن، منی لانڈرنگ ، دہشت گردی کے مقدمات ہیں لیکن انھیں ہر مرحلے پر ریلیف دیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پروگرام تھا کہ اسلام آباد پیشی کے موقع پر لوگوں کو مروا کر اپنی سیاست کریں ، ہم ایسا نہیں کرنا چاہتے تھے اسی لئے پولیس کو اسلحہ نہیں دیا گیا تھا، عدالت کے اوپر پتھرائو کروایا گیا، یہ نہیں ہوسکتا کہ ریاست کی رٹ قائم نہ ہو ، یہ ہر حالت میں قائم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محمد خان بھٹی کے الزامات کا جواب کون دے گا؟ ۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر 3 درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے، محمد خان بھٹی کی حالیہ وڈیو نے ثابت کر دیا کہ اس سے قبل جو آڈیو لیک ہوئی تھی وہ اصل ہے ، بروقت نوٹس لے لیا جاتا تو اب تک ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوچکی ہوتی ۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7