You are currently viewing عمران پہلی بار بات کرنے کو تیار ہوئے، فیصلہ مشاورت سے ہو گا، رانا ثنا

عمران پہلی بار بات کرنے کو تیار ہوئے، فیصلہ مشاورت سے ہو گا، رانا ثنا

لاہور (ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان پہلی مرتبہ بات چیت، گفتگو اور مذاکرات پر تیار نظر آ رہے ہیں، اس سے قبل وہ کہا کرتے تھے کہ مر جائوں گا لیکن مخالفین سے بات نہیں  کروں گا، مذاکرات کا فیصلہ وزیر اعظم شہباز اتحادیوں کی مشاورت سے کریں گے۔ وہ لاہور میں انسداد منشیات عدالت میں منشیات اسمگلنگ کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے ابھی بات چیت جاری ہے، وزیر اعظم شہباز کی بات ہی حتمی تصور کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے ، سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، گفتگو اور مذاکرات کے بغیر آپ آگے نہیں بڑھ سکتے، جمہوریت میں مشوروں سے مسائل کو حل کیا جاتا ہے۔ ہم میاں نواز شریف سے بھی مشورہ کریں گے، جب بھی الیکشن ہوئے میاں صاحب پاکستان میں ہوں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان اندر ہوئے تو اپنے کرتوتوں کے باعث ہوں گے، فرح گوگی نے پنجاب سے پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی مد میں کروڑوں روپے اکٹھے کیے، گھڑیاں اور تحفے بیچ کر ملک و قوم کی عزت پامال کی گئی۔
منشیات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میرا اور عمران خان کے خون کا ٹیسٹ کرا لیں، پتہ چل جائے گا کس کے خون میں منشیات ہے۔ انھوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کی پراپرٹی لے کر پچاس ارب کا ٹیکہ لگایا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن سے پہلے مہنگائی کی وجوہات عوام کے سامنے لائیں گے، لوگ نواز شریف کی بات ضرور سنیں گے، لوگ نواز شریف سے محبت کرتے ہیں، سندھ، بلوچستان اور وفاق میں ہماری حکومتیں قائم ہیں، ہماری پوزیشن اب بھی بہت بہتر ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.