اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد پاک فوج کو بدنام کرنے کےلیے بنائی گئی ٹرول بریگیڈ کے ہوتے دشمن کی ضرورت نہیں ۔
منگل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ٹویٹ کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کی سیاست کی تعریف صریحاً جھوٹ،یو ٹرن اور اداروں پر گمراہ کن حملوں سے عبارت ہے۔اس کا مقصد عدلیہ کو اپنی مرضی کے مطابق جھکانا اور ایسا برتائو کرنا ہے جیسا آپ پر کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔
عمران خان نے وزیرآباد حملے کے قابل مذمت واقعہ کو گھٹیا سیاسی مقاصد کےلیے استعمال کیا،ان کی سیاست جھوٹ، یوٹرن اور اداروں پر گمراہ کن حملوں سے عبارت ہے مسلح افواج کے شہداء کے خلاف عمران خان وزیرآباد حملے سے پہلے بھی پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں پر کیچڑ اچھال رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہو ں نے اپنے ٹویٹ میں جو کچھ عمران خان کے بارے میں کہا ہے وہ پچھلے کچھ برسوں کے حقائق سے ثابت ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں عمران خان سے جواباً سوال کیا کہ کیااقتدار سے بے دخلی کے بعد پاک فوج کو بطور ادارہ بدنام کرنا آپ کی سیاست میں بار بار ہونے والا عمل نہیں؟ ۔
کیا آپ نے وزیر آباد حملے سے پہلے فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کی قیادت پر کیچڑ اچھالنے کا سہارا نہیں لیا؟
روزانہ کی بنیاد پر دھمکیاں دینے اور بے بنیاد الزامات لگانے کے علاوہ آپ نے کون سا قانونی راستہ اختیار کیا؟
آپ نے وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو مسترد کر دیا اور قانونی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔
آپ کو وزیر آبادحملے کے حقائق جاننے میں کبھی دلچسپی نہیں تھی لیکن آپ نے اس قابل مذمت واقعہ کو گھٹیا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
مجھے کوئی شک نہیں کہ سفید جھوٹ، غلط بیانیاں، یوٹرنز اور اداروں پر مذموم حملے آپ کی سیاست کا تعارف ہے۔ آپ کا رویہ عدلیہ کو اپنی خواہشات کے حق میں جھکانا اور ’قانون مجھ پر لاگو نہیں ہوتا‘ جیسا ہے۔ گزشتہ چند سال کے ٹھوس حقائق سے جو کچھ ثابت ہوا ہے، اسی کی بنیاد پر آپ کے بارے میں… https://t.co/0HRIR7wBnE
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 9, 2023
وزیراعظم نے استفسار کیا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مسلح افواج کے شہدا کے خلاف سوشل میڈیا پر ہتک آمیز مہم کس کے کہنے پر شروع کی گئی؟
وہ ٹرول بریگیڈ کس پارٹی سے تعلق رکھتی تھی جس نے شہدا کا مذاق اڑایا ، ٹرول بریگیڈکی مہم ہماری سیاست اور ثقافت میں ایک نیا گھٹیا اور ناقابل تصور عمل تھا۔
آپ کی طرف سے ان تخریبی ؍ غدارانہ کارروائیوں کے ہوتے ہوئے کیا ہمیں دشمن کی ضرورت ہے؟
وزیراعظم نے کہا کہ کس نے سیاسی احتجاج کے دوران مذہبی اصطلاحات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا؟
کیا سیاسی مخالفین کو اپنے حامیوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنا نا ایک چالاک اور خود غرضانہ کوشش نہیں؟
کیا عقیدت و احترام کے تمام اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسجد نبویؐ کے صحن میں ایک خاتون وزیر سمیت سرکاری وفد کو ہراساں نہیں کیا گیا اورآپ کے پارٹی رہنمائوں نے اس کا جواز پیش نہیں کیا اورجشن نہیں منایا؟
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ سابق وزیر اعظم کے طور پر اس وقت عمران خان کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ چل رہا ہے اور وہ قانونی اور سیاسی نظام کو الٹنے کے جواز کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک پاکستان کے ’’جنگل‘‘ بننے کے آپ کے دعوے کا تعلق ہے، میں آپ کو مشورہ دیتا ہوں کہ حقائق اکثر تلخ اور تباہ کن ہوتے ہیں۔ آئیے اسے کسی اور دن کے لیے رکھیں۔