You are currently viewing عمران خان کے لارجر گیم کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کا کمیشن تشکیل دیا جائے، شرجیل میمن

عمران خان کے لارجر گیم کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کا کمیشن تشکیل دیا جائے، شرجیل میمن

کراچی (ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کے لارجر گیم کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کا کمیشن تشکیل دیا جائے۔
سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، اس سازش میں جو لوگ استعمال ہو رہے ہیں وہ پاکستانی ہیں، اس ملک کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر اسرار احمد اور مرحوم عبد الستار ایدھی پاکستان کے غیر جانبدار شخصیات تھیں جنہوں نے عمران خان کی اصلیت وزیراعظم بننے سے بہت پہلے عیاں کردی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر اسرار احمد نے واضح طور پر بتادیا تھا کہ عمران خان اسرائیل اور یہودیوں کے اشاروں پر چل رہے ہیں جبکہ عبدالستار ایدھی بھی عمران خان کی سازشوں کی نشاندہی کرچکے تھے کہ وہ کس طرح شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی حکومت گرانے کے لیے ان کے پاس حمید گل کے ساتھ آئے تھے ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات نے میڈیا کو ڈاکٹر اسرار احمد اور عبدالستار ایدھی کی ویڈیوکلپس بھی دکھائے۔
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی متعدد بار غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات میں ملوث رہے ہیں، ان کا مواخذہ ہونا چاہیے، لیکن اس کے لئے اسمبلی میں نمبرز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی پی ٹی آئی کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے وقت کیوں خاموش رہے ، انہوں نے اس وقت خط کیوں نہیں لکھے۔ عارف علوی کا بیٹا سوشل میڈیا سیل کی سربراہی کر رہا ہے اور اداروں کے خلاف مہم چلانے میں سب سے آگے ہے،
انہوں نے کہاکہ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی غیر آئینی رولنگ پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی ، صدر عارف علوی نے غیر آئینی اقدام کیا تو کیوں ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دیا جائے کہ عمران خان کے مشن میں کون کون ان کے ساتھ ہے اور ان کے غیر آ ئینی اور غیر قانونی کاموں کو کمیشن کے تحت دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی شخص ، کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ملک کے خلاف گھناونی سازشیں کر رہے ہیں ۔ ہمیں اس ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ایک ہونا پڑےگا ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سازشوں میں اندرونی لوگ استعمال ہو رہے ہیں عمران خان یہودی لابی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں یہ لارجر گیم ہے ، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.