You are currently viewing عمران خان کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، ارکان پنجاب اسمبلی

عمران خان کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، ارکان پنجاب اسمبلی

لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چار ارکان پنجاب اسمبلی نے خرم لغاری کے پارٹی چھوڑنے سے متعلق بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما رکن پنجاب اسمبلی منصور احمد خان نے کہا کہ خرم لغاری کے پارٹی چھوڑنے والے بیان کی مذمت کرتا ہوں، میں اپنی جماعت کے ساتھ کھڑا ہوں۔ تحریک انصاف کے رہنما ایم پی اے عون حمید ڈوگر نے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، ہم لانگ مارچ کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں، مظفر گڑھ سے کوئی شخص بھی پی ٹی آئی نہیں چھوڑنا چاہے گا۔ اسی طرح رکن پنجاب اسمبلی عبدالحئی دستی نے بھی سردار خرم لغاری کے بیان کو جھوٹ قرار دے دیا ہے، انھوں نے کہا کہ پارٹی چھوڑنا تو درکنار ہم ایسا سوچ بھی نہیں سکتے، عمران خان کے ساتھ ہیں اور لانگ مارچ کی تیاری مکمل ہے۔ اس حوالے سے علمدار عباس قریشی نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ خرم لغاری نے پارٹی چھوڑنے سے متعلق بیان دیا ہے، ایسا کچھ نہیں ہے، ہم تو لانگ مارچ میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، عمران خان کو اپنا لیڈر مانتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایم پی اے سردار خرم لغاری نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں، ہمیں دکھایا کچھ گیا تھا اور ہوا کچھ اور ہے، پی ٹی آئی میں وزارت کے لیے کیا معیار ہے۔ میں وزارت کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں، میرے ساتھ چار، پانچ ایم پی ایز تحریک انصاف چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔