You are currently viewing عمران خان کی کابینہ نے آئی پی پیز کو ریلیف دیا، وفاقی وزیر توانائی

عمران خان کی کابینہ نے آئی پی پیز کو ریلیف دیا، وفاقی وزیر توانائی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے آئی پی پیز کو ریلیف دیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ عمران خان کی کابینہ نے 2019کی محمد علی رپورٹ کے بعد آئی پی پیز کو ریلیف دیا تھا، اس رپورٹ کے بعد جان بوجھ کر بڑا موقع ضائع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کل کے حالات آئی پی پیز، عوام اور ملک کےلیے اچھے نہیں۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ عوام کو آئی پی پیز معاملات پر جلد خوشخبری سننے کو مل سکتی ہے، آئی پی پیز کے ساتھ دوبارہ مذاکرات سے صارفین کو 600 ارب روپے تک کا ریلیف مل سکتا ہے، جتنے بھی پلانٹس لگائے گئے ان سب سے بات چیت جاری ہے۔
دریں اثناء آصفہ بھٹو کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر کی گئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ جن فیڈرز پر بجلی چوری ہوتی ہے وہاں طویل لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، اس کی وجہ ڈسکوز کی عدم کارکردگی اور صوبائی حکومت کی رٹ نہ ہونا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران آصفہ بھٹو نے اضافی بجلی کے دعوے کے باوجو د 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کا دعویٰ ہے سرپلس بجلی موجود ہے تو پھر لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.