لاہور (ڈیسک) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی مذکرات کی پیش کش محض ایک سیاسی بات ہے، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔
وہ ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کچھ نہیں کرنا اور نہ ہی اسمبلی توڑنی ہے، جس صوبے کی اسمبلی توڑیں گے وہاں الیکشن کرا دیں گے تاہم میں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بات کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے کل اپنی بات سے یوٹرن لیا ہے، وہ پونے چار سال وزیرِ اعظم رہے ،کبھی اپوزیشن لیڈر سے بات نہیں کی اور نہ ہی بطور وزیراعظم آئینی تقرری پر کسی سے مشاورت کی، اب انہوں نے مذکرات کی بات کی ہے جو ایک سیاسی بات ہے تاہم اس معاملے پر تمام اتحادیوں سے مشاورت کر کے آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کب ہونے ہیں اور کب کرانے ہیں یہ سب معاملات پی ڈی ایم میں مشاورت سے طے ہوں گے۔
