اسلام آباد (ڈیسک) الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔
منگل کو چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے کوئی نمائندہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا۔ درخواست گزار آفاق احمد بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے۔
الیکشن کمیشن کو بتایاگیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کمیشن میں جمع کرائے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنرنے استفسارکیا کہ کیا گزشتہ سماعت پر کوئی پیش ہوا تھا؟جس پر انہیں بتایاگیاکہ گزشتہ سماعت پر فریقین پیش ہوئے تھے مگر تاریخ مانگی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے دارخواست گزار آفاق احمد ایڈوکیٹ کی غیر حاضری لگادی جبکہ الیکشن کمیشن نے فریقین کو دوبارہ نوٹس ارسال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔
