اسلام آباد(ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے جتنے پیسے جلسوں پر ضائع کیے متاثرین پر لگاتے شاید دو اضلاع آباد ہوجاتے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس خارج کر دیا، الف لیلیٰ کی من گھڑت کہانی بنا کر تقسیم پیدا کی گئی، میرے خلاف بےبنیاد ریفرنس بنایا گیا اور بے بنیاد مقدمات بنا کر کردارکشی کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، عمران نیازی کے دور میں کرپشن کی گئی، ایک تہائی پاکستان سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور عمران نیازی مسلسل اپنی سیاست چمکانے میں لگے ہوئے ہیں، جتنے پیسے جلسوں پر ضائع کررہے ہیں متاثرین پر لگاتے شاید دو اضلاع آباد ہوجاتے۔ احسن اقبال نے کہاکہ عمران نیازی اگلے الیکشن کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں، شوکت خانم کے نام پر اکٹھے کیے گئے فنڈز کو سیاست میں جھونک دیا گیا، اداروں کے خلاف تقاریر کرتے ہیں، عمران نیازی فارن فنڈنگ سے پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کا کام لیتے ہیں، عمران نیازی کا مقصد آئین کو پامال کرنا ہے۔ وہ کہتے ہیں سائفر کی تحقیقات ہوں گی تو پارلیمنٹ میں آئیں گے، کیا عمران نیازی کسی غیر ملکی ایجنسی سے تحقیقات کروانا چاہتے ہیں؟۔ وہ صرف انارکی چاہتے ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ترجیح سیلاب زدگان کی مدد ہے، جب تک بہن بھائیوں کو دوبارہ ان کے پائوں پر کھڑا نہ کردیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔