اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے علمائے کرام اور مشائخ پر زور دیا ہے کہ وہ قرآن، سنت اور احادیث نبویﷺ کی روشنی میں اسلام کی حقیقی تعلیمات اجاگر کرکے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار علماءمشائخ یکجہتی کونسل آف پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت علماءمشائخ یکجہتی کونسل آف پاکستان کے چیئرمین قاری ہدایت اللہ میرانی کررہے تھے۔ وفد میں محمد یونس قریشی، مولانا گل ولی، میجر احتشام الدین کیانی، پروفیسر عبدالغفار شاہ بخاری، عبدالرحیم عباسی، نور الٰہی، فہد مقصود، حمید اللہ خان، شیخ مظہر حسین، شیخ ضیاءالرحمن، علامہ مفتی محمود احمد تبسم، اور جمال خان شامل تھے۔صدر مملکت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے چیلنجوں کے لیے انسداد انتہا پسندی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں علمائے کرام کی جانب سے مشترکہ کوششوں کے ساتھ ایک جامع ایکشن پلان کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی ، سماجی اصلاح کیلیے علمائے کرام و مشائخ کردار ادا کریں۔ صدر نے کہا کہ معاشرے میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے، علماء اخلاقی اقدار ، وسائل کی بچت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علمائے کرام قومی یکجہتی، مذہبی رواداری، اور بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کو فروغ دیں۔
