بصرہ (ڈیسک) عراق کے شہر بصرہ میں استعمال شدہ کپڑوں کی نمائش کے لیے منفرد طرز کے فیشن شو کا انعقاد کیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق عراقی نوجوانوں کے گروپ کی جانب سے رضاکارانہ طور پر یہ قدم اٹھایا گیا جس کا مقصد فیشن انڈسٹری کی وجہ سے ہونے والے کاربن فٹ پرنٹ کے حوالے سے آگاہی اور ماحول کی بہتری کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ فیشن شو کا انعقاد کرنے والے منتظم اظہر الربیعی نے کہا کہ اس شو کے انعقاد کا مقصد ماحول دوست بننا ہے اور یہ بھی دیکھنا ہے کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراق کی طرح دنیا بھر میں آلودگی پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے ہم نے استعمال شدہ کپڑوں کا فیشن شو کیا اور لوگوں میں پرانے کپڑوں کو خریدنے کے حوالے سے بھی شعور پیدا کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال فیکٹریاں سیکڑوں ٹنز کے حساب سے کپڑا بنا رہی ہیں جس کی وجہ سے ماحول پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں جب کہ ایندھن کا ضیاع اور پانی بھی خرچ ہورہا ہے۔
