You are currently viewing عدالت کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کیس کی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری

عدالت کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کیس کی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور(ڈیسک)لاہور کی سپشل سینٹرل عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے جعلی اکاؤنٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور انکے صاحبزادے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف کیس کی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے گزشتہ دس مارچ کی سماعت کے جاری تحریری فیصلہ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لیے 25 مارچ کو طلب کرلیا۔عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے 18فروری کو دوران سماعت شہبازشریف کے 40منٹ سے زائد تقریر کر کے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی میں تاخیر کا حربہ استعمال کرنے پر توہین عدالت کی دائر درخواست پر سماعت کے لئے بھی 25مارچ مقرر کردی۔جبکہ شہباز شریف خاندان کی شوگر مل کے چیف فنانشل آفیسر عثمان احمد کی جانب سے چالان اورعدالت کے دائرہ اختیار کے حوالے سے درخواست پر بھی 25مارچ کو سماعت ہو گی۔سپیشل سنٹرل کورٹ نے ایف آئی اے کو پابند کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں بینک افسران کے بیانات تین روز میں جمع کرائے جائیں۔ عدالت نے عثمان احمد کے وکلا کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔