You are currently viewing عدالتی حکم پر پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تمام اسیر کارکنان رہا

عدالتی حکم پر پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تمام اسیر کارکنان رہا

راولپنڈی (ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر حکومت نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تمام اسیر کارکنان کو رہا کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام رہنمائوں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے ، عدالت نے تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا۔
عدالت کی جانب سے واضح ہدایات ملنے کے بعد راولپنڈی سے پی ٹی آئی کے فیاض الحسن چوہان اور زلفی بخاری سمیت 50کے قریب کارکنان کو رہا کیا گیا، رہائی کے وقت تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسیر رہنمائوں کا پرتپاک استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور عمران خان کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کی دیگر کارکنان کے ہمراہ راجن پور جیل سے رہائی عمل میں لائی گئی۔
ڈیرہ غازی خان میں پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر مراد راس، وفاقی وزیر زرتاج گل ، سابق مشیر صحت پنجاب حنیف پتافی ودیگر کارکن رہا کیے گئے۔
اٹک جیل سے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود اور کارکن رہاکیے گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت کے مطابق جیل بھرو تحریک کے رہنمائوں اور کارکنان کو ملک بھر کی دور دراز جیلوں میں منتقل کرنے کے انتظامات کیے گئے تھے اور ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے نظر بند کیا گیا تھا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.