You are currently viewing عبدالرزاق شر کے قتل کے مقدمہ میں عمران کو نامزد کیا جائے گا، عطا تارڑ

عبدالرزاق شر کے قتل کے مقدمہ میں عمران کو نامزد کیا جائے گا، عطا تارڑ

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانونی و داخلہ امور عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ کے قتل کے مقدمہ میں عمران خان کو نامزد کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے مدعی اور وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی اس کیس سے نہیں بچ سکتے، انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا، ضرورت پڑی تو ان کی گرفتاری بھی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف آرٹیکل 5 اور 6 کے حوالہ سے بلوچستان میں زیر سماعت کیس کی (کل) بدھ کو سماعت ہونا تھی لیکن اس کیس کے مدعی اور وکیل عبدالرزاق شر کو کوئٹہ ایئرپورٹ کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ،ان کی ٹارگٹ کلنگ غیر معمولی واقعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس میں تین، چار تاریخوں میں سماعت ہو چکی تھی جبکہ یہ مقدمہ آئندہ چند تاریخوں میں منطقی انجام تک پہنچنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ وکیل کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار عمران نیازی ہیں، یہ ایک وکیل اور انصاف کا سفاکانہ قتل ہے۔
متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے سینئر وکیل کا کوئی اور لین دین یا دیگر تنازعہ نہیں تھا، صرف عمران خان کے خلاف مدعی ہونے پر انہیں قتل کیا گیا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمہ درج ہو گا اور مکمل تفتیش ہو گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اس کیس سے نہیں بچ سکتے، انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا اور عدالتوں میں پیش ہونا ہو گا، ضرورت پڑی تو ان کی گرفتاری بھی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ عبدالرزاق شر کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف کرپشن کیسز میں تیزی لائی جائے گی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7