You are currently viewing عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک کے بیانات حقیقت پر مبنی نہیں، دفتر خارجہ

عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک کے بیانات حقیقت پر مبنی نہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک اور تنظیموں کے بیانات پر حیران ہیں۔
ایک بیان میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک اور تنظیموں کے بیانات کو نوٹ کیا ہے، ہم ان میں سے بعض بیانات کے منفی لہجے پر حیران ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ بیانات انتخابی عمل کی پیچیدگی مدنظر نہیں رکھتے، یہ بیانات لاکھوں ووٹرز کا جذبہ سامنے نہیں رکھتے، پاکستان نے عام انتخابات پرُامن اور کامیابی کے ساتھ منعقدکیے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ غیرملکی اسپانسر شدہ دہشت گردی کے باعث سنگین سکیورٹی خطرات سے نمٹا ہے، کچھ بیانات حقیقت پر مبنی بھی نہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش نہیں تھی، دہشت گردی کے واقعات سے بچنے کے لیے موبائل سروس کو معطل رکھا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ انتخابی مشق نے ظاہر کیا کہ بہت سے مبصرین کے خدشات غلط تھے۔ پاکستان نے مستحکم اور جمہوری معاشرے کی تعمیر کے عزم کے تحت انتخابات کرائے۔
انھوں نے مزید کہا ہے کہ انتخابی عمل کی تکمیل سے قبل منفی تبصرہ تعمیری نہیں ہے، پاکستان متحرک جمہوری نظام کی تعمیر کے لیے کام جاری رکھے گا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.