You are currently viewing عام آدمی کی حالت بہتر نہ ہو سکی، مہنگائی میں روز افزوں اضافہ جاری

عام آدمی کی حالت بہتر نہ ہو سکی، مہنگائی میں روز افزوں اضافہ جاری

اسلام آباد (ڈیسک) عوام اور ملکی حالات میں بہتری کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی، مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان بیورو آ ف شماریات نے ملک میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ اعشاری انڈیکس کےمطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 0.48فیصد اضافہ ہوا۔ اضافے کے بعد مہنگائی 30.16 تک جا پہنچی۔
روزمرہ ضرورت کی چیزیں چاول، انڈے، گوشت، چکن، پتی، لہسن، مٹن، زندہ مرغی، دودھ، آلو سمیت تقریباً 25چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔ ایل پی جی ، دال ماش، دال مونگ کے قیمتوں میں معمولی کمی واقع ہوئی جب کہ 23چیزوں کی قیمتوں میں استحکام نظر آیا۔
چینی کی قیمت میں فی کلو ایک روپے 20پیسے اضافہ ہوا، انڈے کی فی درجن قیمت 21روپے 50 پیسے بڑھ گئی۔ پیاز کی قیمت میں 4روپے 48 پیسے اضافہ ہوا۔ زندہ مرغی 12 روپے 60پیسے مہنگی ہوئی۔ آلو کی قیمت میں بھی دو روپے اضافہ دیکھا گیا۔
اسی طرح دودھ، چائے، مٹن ، لہسن، چاول، انڈے، بیف و دیگر اشیائے ضروریہ غریب کی استطاعت سے باہر ہوتی نظر آئیں۔ ہفتہ واری بنیاد پر چند چیزوں کی قیمتوںمیں معمولی کمی نظر آئی۔
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 9روپے 74پیسے سستا ہوا۔ دال ماش، دال مونگ، گھی اور آٹا پچھلے ہفتے کی نسبت کچھ سستا ہوا۔ البتہ تیئس چیزوں کی قیمتیں برقرار رہیں۔