You are currently viewing عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی (کل) منایا جائے گا

عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی (کل) منایا جائے گا

فیصل آباد (ڈیسک) بصارت سے محروم نابینا افراد کا عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی (ورلڈ وائٹ کین سیفٹی ڈے) 15 اکتوبر بروزہفتہ کو اس عزم کے ساتھ منایا جائے گا کہ یہ افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں لہذا انہیں نظر انداز کرنے کی بجائے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر کے عام افراد کے شانہ بشانہ زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ترجمان رف خالد نے اس سلسلہ میں بتایا کہ بصارت سے محروم افراد کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سیمینارز اور آگہی واکس شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ بے بصر افراد اس رنگ و بو کی دنیا کو نہیں دیکھ سکتے مگر حقیقت میں وہ بصیرت کی دولت سے مالا مال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے1964 میں نابینا افراد کے حقوق کے تحفظ کا بل منظور کرتے ہوئے ہر سال 15 اکتوبر کو سفید چھڑی کے تحفظ کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے گورنمنٹ اور این جی اوز کے تحت تقریبا 250 ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ حکومت پنجاب اس سلسلہ میں مزید بہتر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کومراکز میں مفت داخلہ وتعلیم وتربیت،کتب،یونیفارم کے علاوہ ماہانہ وظیفہ اور فری ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اعلی تعلیم کیلئے لاہور اور بہاولپور میں گورنمنٹ ڈگری کالج آف سپیشل ایجوکیشن قائم کئے گئے ہیں اور لاہور ہی میں نابینا طلبہ کے اساتذہ کیلئے کالج ڈپلومہ اور پوسٹ گریجوایٹ سطح کے کورسز کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور وبہاولپور میں جدید بریل پرنٹنگ پریس بھی قائم کئے جائیں گے۔