You are currently viewing عالمی منڈی میں قیمت نہیں بڑھی، حکومتی نااہلی سے پٹرول مہنگا ہوا، پی ٹی آئی

عالمی منڈی میں قیمت نہیں بڑھی، حکومتی نااہلی سے پٹرول مہنگا ہوا، پی ٹی آئی

لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مہنگا کرنے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، اصل بات یہ ہے کہ موجودہ پی ڈی ایم اور امپورٹڈ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بیڑہ غرق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی قیمت کے باعث پٹرول مہنگا کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تمام درآمدی چیزیں مہنگی ہو جائیں گی اور ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں گی، اس سب کی وجہ رجیم چینج ہے۔


سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ حکومت کا پٹرول کی قیمتیں بڑھانا عوام کے ساتھ کھلی دشمنی ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ، انھیں دو وقت کی روٹی میسر نہیں، آٹا کس قدر مہنگا ہو چکا ہے ، حکومتی نااہلی نے پاکستانی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔


پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے کہا کہ کل ہی بی بی صاحبہ لندن سے آئی ہیں، آتےہی انھوں نے بھاشن دیا کہ ڈار صاحب پر اعتماد کریں وہ حالات ٹھیک کر دیں گے۔ آج قوم کو یہ تحفہ دے دیا گیا ہے۔
پٹرول کے مہنگا ہوتے ہی ہر چیز مہنگی ہو جائے گی، انھوں نے کہا کہ یہ تو ابھی پہلی قسط ہے، ابھی مزید قسطیں باقی ہیں جو آ رہی ہیں، دوائیں منگوانے کے لیے ایل سیز نہیں کھل رہیں، جان بچانے کی ادویات سے بھی قوم کو محروم کر دیا گیا ہے۔ ڈار صاحب کے معجزے آپ کے سامنے ہیں۔
آج صبح 11بجے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے اضافہ کیا گیا جب کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18، 18 روپے بڑھائے گئے ہیں۔ پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔مٹی کے تیل کی نئی قیمت 189 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 187 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.