You are currently viewing عالمی منظر نامہ بدلنے جارہا ہے، ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے ابھی بات چیت کا آغاز ہی ہے ، شیخ رشید احمد

عالمی منظر نامہ بدلنے جارہا ہے، ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے ابھی بات چیت کا آغاز ہی ہے ، شیخ رشید احمد

کراچی(ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عالمی منظر نامہ بدلنے جارہا ہے اور پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاریخی کردار ادا کرنے جارہا ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی آمد کے موقع پر ائرپورٹ کے احاطے کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ٹی ٹی پی سے مذاکرات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے اعلی سطح پر بات چیت ہورہی ہے ، ہم اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ، اگر بھارت بھی کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے سے پیچھے ہٹ جائے تو بھارت سے بھی کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات چیت کرنے کو تیار ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ہر ملک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور جولوگ ہتھیار پھینک دیں ان سے لڑنا جائز نہیں ہے ،ہم چین اور امریکہ دونوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ،ہم دنیا کے ساتھ بھی کھڑے ہیں اور ہر قسم کے انسانی بحران میں افغانستان کی مدد بھی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس خطے میں پاکستان کاکیا کردار ہے اور کتنی اہمیت ہے وہ بھارت کی شکل سے ظاہر ہے ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن کو معاملات کی سوجھ بوجھ نہیں ہے ، مستقبل کی سیاست گہرے پانیوں کی ہے ، مہنگائی کو کنٹرول کریں گے ، پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ڈالر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرے ،ڈالر لیں دین پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں گے ،چیئرمین نیب کا فیصلہ ایک ہفتہ میں ہوجائے گا ۔ پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن بنگلا دیش اور بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی قیمتیں ابھی بھی کم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی سب سے زیادہ فکر وزیراعظم عمران خان کو ہے کیونکہ اگلا انتخابات لوگوں نے وزیراعظم کی قیادت میں ہی لڑنا ہے ۔