دمشق(ڈیسک) شام کے صدر بشار الاسد نے کہا کہ امریکہ اپنی کرنسی ڈالر کی طاقت کا غلط استعمال کر کے پوری دنیا کا استحصال کر رہا ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سناکی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر امریکی ڈالر کی عالمی معیشت پر حکمرانی جاری رہی تو کچھ بھی نہیں بدلے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معیشت پر ڈالر کا دباؤ بلیک میلنگ نہیں بلکہ ڈاکے ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ڈالر ایک عالمی کرنسی ہے یا امریکی ریزرو بینک کے ذریعے مالی معاملات طے پا رہے ہیں تب تک آپ کا مستقبل بطور ریاست یا ملک یا معاشرہ امریکہ کے رحم و کرم پر ہے۔ انہوں نے انٹرویو میں امریکی پابندیوں کے علاوہ شمالی اور شمال مشرقی شام میں امریکی حمایت یافتہ کرد ملیشیا کے زیر قبضہ تیل کے ذخائر کے بارے میں بھی بات کی اورواضح کیا کہ شام آخر کار اپنے وسائل پر دوبارہ دعوی کرے گا۔شام کے صدر نے شمالی شام میں ایک محفوظ زون بنانے اور مشرقی شام میں امریکی موجودگی کی ترکی کی دھمکی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی انتظامیہ شام کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی بھی طرح سے دریغ نہیں کرے گی۔