You are currently viewing عالمی برادری بھارت میں گستاخانہ بیانات اور رویوں کا نوٹس لے، وفاقی وزیر اطلاعات

عالمی برادری بھارت میں گستاخانہ بیانات اور رویوں کا نوٹس لے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد (ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بی جے پی رہنماؤں کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتم المرسلین نبی رحمت حضرت محمدﷺکی ناموس میں گستاخی کر کے بی جے پی کے رہنماؤں نے خود کو پست ثابت کیا ہے۔

پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام انسانوں کے لئے رحمت بن کر آنے والے نبی اکرمﷺ کی پاک سیرت و کردار کا مطالعہ کرنے والا کوئی بھی سلیم الفطرت انسان ان کا احترام اور ادب کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ بی جے پی کی انتہا پسندانہ اور فتنہ پرور سوچ کا ایک اور ثبوت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عالمی برادری بین المذاہب ہم آہنگی اور مقدس ہستیوں کے احترام کی عالمی تحریک کے منافی بھارتی حکومت کے رویوں اور اقدامات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے بنیادی حقوق، مذہبی آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کا مجرم ہے، اسے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر مسلمان اپنے آقا کریمﷺ کی عزت وحرمت کو اپنی جان سے زیادہ عزیز سمجھتا ہے اور اس مقصد کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔