اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے الیکشن کمیشن کیلیے بے حسی کے الفاظ استعمال کرنے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عارف علوی آئین کی حد میں رہیں اور صدر کے دفتر کو بلیک میلنگ کےلیے استعمال نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر علوی ’ آ بیل مجھے مار‘ والے کام نہ کریں، جو حدود و قیود آئین نے ان کے عہدے کے لیے متعین کر دی ہیں صدر ان تک محدود رہیں۔
وزیرداخلہ نے بیان میں کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینے یا نہ دینے سے صدر کا کوئی لینا دینا نہیں، وہ خواہ مخواہ ٹانگ اڑا رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ صدر مملکت الیکشن کمیشن کو غیرقانونی اور غیر آئینی احکامات پر مجبور نہیں کر سکتے۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، وہ آپ کا غلام نہیں کہ جو آپ کہیں وہ مانے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ معیشت، خارجہ تعلقات اور قومی مفاد کو نقصان پہنچایا، وہ اب سازشیں کرنے کے لئے ریاست کے سربراہ کو مجبور کر رہا ہے۔
