You are currently viewing ضلع کرم میں بارودی سرنگ دھماکا، 5 فوجی جوان شہید

ضلع کرم میں بارودی سرنگ دھماکا، 5 فوجی جوان شہید

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں بارودی سرنگ دھماکے میں 5 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم کے علاقے صدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس میں 5 فوجی جوان شہید ہوئے۔
شہید ہونے والوں میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء نے وطن کی خاطر لازوال قربانی دیتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔
ترجمان پاک فوج کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حملے جیسے گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئےفوجی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور اُن کی قربانیوں پر خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔
وزیرداخلہ نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ”شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہید اہلکاروں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا، سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے پر عزم ہے“۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.