اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں نئے آرمی چیف سے متعلق فیصلہ کے بعد سمری صدر مملکت کو ارسال کی جا چکی جس پر صدر عارف علوی سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے لاہور روانہ ہو گئے۔
زمان پارک میں صدر نے عمران خان سے تفصیلی ملاقات کی اور نئی تقرریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ صدر نے وزیر اعظم کے نامزد کردہ ناموں پر عمران خان کو اعتماد میں لیا۔
صدر کی نور خان ایئر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے روانگی سے قبل سیکیورٹی اقدامات کیے گئے تھے۔
آئینی و قانونی طور پروزیر اعظم کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نامزد کیے جانے کے بعد سمری ایوان صدر کو ارسال کی گئی۔
حکومت اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ وزیر اعظم ہائوس کی طرف سے بھیجی گئی سمری پر صدر کو کوئی اعتراض نہ ہو گا اور وہ اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے سمری منظور کر لیں گے۔
