You are currently viewing صدر کا چیف جسٹس کو خط ، حکومت تبدیلی مبینہ سازش کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کرے

صدر کا چیف جسٹس کو خط ، حکومت تبدیلی مبینہ سازش کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کرے

اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت تبدیلی کی مبینہ سازش کی تحقیقات کے لیے جلد از جلد جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن کی سربراہی خود کریں۔

صدر نے کہا کہ اس وقت ملک سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے، روز افزوں صورت حال ابتر ہوتی جا رہی ہے، ادارے ملک کو ہر قسم کے نقصان سے بچانے کے ذمے دار ہیں، سیاسی غیر یقینی کو دور کرنا از حد ضروری ہے، ملک میں بڑھتی پولرائزیشن کسی بھی صورت میں ملک کے مفاد میں نہیں ہے، صدر کا کہنا تھا کہ سیاق و سباق سے ہٹ کر تبصرے پیش کیے جا رہے ہیں، غلط فہمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، معیشت بحران کا شکار اور غیر یقینی میں اضافہ ہو رہا ہے، ڈالر دن بدن اوپر جا رہا ہے، زرمبادلہ ذخائر کم اور ملک ڈیفالٹ کی طرف بڑھ رہاہے، عوام میں بڑی سیاسی تفریق پیدا ہو رہی ہے، ان حالات و واقعات کے تناظر میں ضرور ی ہے کہ چیف جسٹس اپنا کردار ادا کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیں تا کہ غلط فہمیوں کا ازالہ ہو سکے اور قوم یکسو ہو کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔