You are currently viewing صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت خصوصی افراد کے حوالے سے اجلاس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت خصوصی افراد کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی معاشرے میں شمولیت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے جامع منصوبے وضع کرنے، معاون ٹیکنالوجیز فراہم کرنے اور ان کی معذوری کے اعتبار سے موزوں ملازمتیں دینے کی ضرورت ہے ، سرکاری اور نجی شعبوں کے متعلقہ ادارے خصوصی افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ قوانین پر نظرثانی کے لیے مل کر کام کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوانِ صدر میں خصوصی افراد کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، وزارت تعلیم، عالمی ادارہ صحت اور ایوانِ صنعت و تجارت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کی معاشرے میں شمولیت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ایک جامع منصوبے کی ضرورت ہے ، خصوصی افراد کی نقل و حرکت اور عوامی سہولیات تک رسائی بہتر بنا کر انہیں معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افراد باہم معذوری کو تعلیم، ہنر اور ملازمتیں فراہم کر کے معاشرے میں شامل کیا جانا چاہیے، خصوصی افراد کو معاون ٹیکنالوجیز فراہم کرنے اور ان کی معذوری کے اعتبار سے موزوں ملازمتیں دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 10 سے 15 فیصد یا تقریباً 22 ملین افراد خصوصی افراد پر مشتمل ہے ، خصوصی افراد کی اتنی بڑی آبادی کو قیمتی اثاثے میں بدلا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دسمبر کا پورا مہینہ خصوصی افراد کے مہینے کے طور پر منایا جانا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے ادارے خصوصی افراد کے حقوق کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہم چلائیں۔