You are currently viewing صدر مملکت، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کا پاک فوج کے شہدا کو سلام

صدر مملکت، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کا پاک فوج کے شہدا کو سلام

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے دہشت گرد حملے میں شہید پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر اور وزیراعظم نے شہدا کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا، مجھ سمیت پوری قوم کو جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید جوانوں پر فخر ہے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
مریم نواز نے شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف نے 6 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا اور امر ہوگئے، پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے دھرتی کی خاطر جان دے کر تاریخ رقم کی۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ پاک فوج کے افسر اور جوان پوری قوم کا فخر ہیں، بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کی دراندازی کو ناکام بنا کر پاک سرزمین کی حفاظت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسروں اور جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.