You are currently viewing صدر علوی کی شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت، ورثاء کی بلند ہمتی کو سراہا

صدر علوی کی شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت، ورثاء کی بلند ہمتی کو سراہا

اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاسے ٹیلی فون پر اظہارِ تعزیت کیا،انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاسے ٹیلی فون پر اظہارِ تعزیت کیا۔ صدر نے 31 دسمبر کو جانی خیل بنوں میں شہید ہونے والے سپاہی محمد وسیم کے والد سے فون پر اظہار افسوس کیا، شہید کے والد نے صدر مملکت سے کہا کہ تین بیٹے فوج میں ہیں اور قربانی کیلئے تیار ہیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وطن کیلئے شہید کی قربانی اور والد کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔
صدر نے 29 دسمبر کو کرم ایجنسی میں شہید ہونے والے صوبیدار شجاع محمد کے بھائی محمد اشرف سے بات کی، صدر سے گفتگو کے دوران شہید کے بھائی محمد اشرف نے کہا کہ ماں کو اپنے شہید بیٹے پر فخر ہے، ہم بھی قربان ہونے کیلئے تیار ہیں۔
صدر علوی نے سپاہی عبدالرحمن کے بھائی گوہر یاسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، شہید کے بھائی نے صدر مملکت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستان پر قربان، دس بھائی بھی ہوتے تو شہادت کیلئے تیار ہوتے۔
صدر عارف علوی نے نائیک محمد رمضان کے چچا سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور شہید کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ انھوں نے کہا کہ مادرِ وطن کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ صدر نے شہداکو خراج عقیدت پیش کیا، ورثاسے اظہار ہمدردی اور ان کے صبر جمیل کے لئے دعا کی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7