You are currently viewing صدر علوی کی ایف بی آر کو غیررجسٹرڈ چینی ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت

صدر علوی کی ایف بی آر کو غیررجسٹرڈ چینی ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت

اسلام آباد (ڈیسک)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایف بی آر کو غیر رجسٹرڈ چینی ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ایف بی آر کو 60روز میں جامع عملدرآمد رپورٹ وفاقی ٹیکس محتسب میں جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے چینی کے بڑے خریداروں اور غیر رجسٹرڈ ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، ایف بی آر کے پاس ڈیٹا کی دستیابی کے باوجود بھاری مقدار میں چینی کے خریدار ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، صدر مملکت نے کہا کہ چینی کے غیر رجسٹرڈ خریدار ٹیکس ادائیگی کی قومی ذمہ داری ادا نہیں کررہے۔ صدر مملکت نے ایف بی آر کی وفاقی ٹیکس محتسب کی ہدایات کے خلاف درخواست مسترد کردی۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے پرائیویٹ شوگر ملز سے چینی کے غیر رجسٹرڈ خریداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔گزشتہ چار سالوں کے دوران ملز نے مختلف غیر رجسٹرڈ خریداروں کو 2.7 ارب روپے کی چینی فراہم کی۔صرف تین خریداروں کے پاس قومی ٹیکس نمبر تھا، ایف بی آر نے ٹیکس کا دائرہ بڑھانے پر توجہ نہیں دی، شوگر ملوں کے پاس چینی کی سپلائی اور خریداروں کا ریکارڈ ہوتا ہے،ایف بی آر شوگر ملوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے اور لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے میں ناکام رہا۔محتسب نے چیف کمشنر،ایل ٹی او کراچی کو ہدایت کی کہ وہ غیر رجسٹرڈ افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرے۔ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کے پاس درخواست دائر کی تھی۔صدر مملکت نے کہا کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز غیر رجسٹرڈ خریداروں کی معلومات اکٹھی کرنے میں چوکس نہیں ،ایف بی آر ملوں کے ماہانہ سیلز ٹیکس گوشواروں پر مطمئن ہیں، ڈیٹا کی جانچ نہیں کی جا رہی،ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز شوگر ملوں کے ڈیٹا کا بروقت تجزیہ کرکے خریداروں کی تفصیلات حاصل کر سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایف بی آر کی اپنے فرائض کی ادائیگی میں سنگین غفلت اور نااہلی بدانتظامی کے مترادف ہے،ٹیکس ادائیگی بڑھانے کیلے محتسب کی سفارشات کو چینی کے شعبے پر لاگو کیا جائے۔صدرمملکت نے ہدایت کی کہ ایف بی آر 60 دنوں میں وفاقی ٹیکس محتسب کو عملدرآمد کی جامع رپورٹ پیش کرے۔