You are currently viewing صحت کارڈ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی اور انقلابی کارنامہ ہے

صحت کارڈ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی اور انقلابی کارنامہ ہے

فیصل آباد(ڈیسک)چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی اور انقلابی کارنامہ ہے جس کی بدولت ہر شہری کو ہر قسم کے مہنگے علاج معالجے کی مفت سہولیات میسر آرہی ہیں۔

انہوں یہ بات اپنے دفتر ایف ڈی اے کمپلیکس میں شہریوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے بعض افراد کے محکمانہ مسائل سنتے ہوئے کہاکہ عوامی بہبود کے منصوبے حکومتی ایجنڈا میں سرفہرست ہے جبکہ ان کی انفرادی اور اجتماعی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ صحت مند قوم ہی قومی ترقی کی منازل تیزی سے طے کرسکتی ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر شہری کی صحت کو فوقیت دی اور انہیں صحت کارڈ جاری کرکے علاج معالجہ کی فکر سے آزاد کردیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ صحت کارڈ پر مریض دس لاکھ تک کے اخراجات کا علاج کرا سکے گا جو کہ کسی نعمت سے کم نہیں انہوں نے کہااس سے قبل شعبہ صحت میں ایسی انقلابی سہولت کا کسی نے سوچا بھی نہیں اور اسی نوعیت کے عوامی بھلائی کے منصوبے نئے پاکستان کی بنیاد ہیں اور حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ صحت کارڈ پر علاج معالجہ کیلئے منتخب ہسپتالوں سے مکمل رابطہ ہے اور اس سہولت پر علاج معالجہ کے عمل کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اس سلسلے میں ہر ضلع کی انتظامیہ متحرک ہے۔ چیئرمین ایف ڈی اے نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ افسران سے رابطہ کیا۔انہوں نے افسران سے کہاکہ وہ عوامی مسائل پر بھرپور توجہ دیں اور محکمانہ کام تیزی سے نمٹانے کیلئے خصوصی انتظامات کریں۔ شہریوں کے وفود نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صحت کارڈ کو موجودہ دور کا بہترین اقدام قرار دیااورکہاکہ مہنگے آپریشن کے حوالے سے ہر مریض کو خاطرخواہ ریلیف حاصل ہوا ہے۔