لاہور (ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران ریاض اور سمیع ابراہیم کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صحافی اس قدر خوفزدہ اور سہمے ہوئے کیوں ہیں کہ دونوں کو 48گھنٹے کے اندر عدالت میں پیش کرنے کا مطالبہ تک نہیں کر رہے ہیں جب کہ یہ ان کا بنیادی حق ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بتایا جائے صحافی سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کہاں ہیں؟ دونوں کو عدالت میں پیش کیا جائے، حکومت کے یہ ہتھکنڈے صرف میڈیا کو دبانے کی کوشش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں کو لاپتا کرنے کو اغوا کہا جانا چاہیے، میڈیا کا گلا گھونٹھنے کے لیے حکومت یہ فسطائی طریقے استعمال کر رہی ہےتاکہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کے خلاف جاری سفاکانہ کریک ڈاؤن کو (میڈیا بلیک آؤٹ کے ذریعے) قوم کی نگاہوں سے اوجھل رکھا جاسکے۔
عمران خان نے علی نواز اعوان کے گھر پر توڑ پھوڑ کی مذمت کی اور کہا کہ حکومتی ایما پر ان کے گھر کو مسمار کیا جانا خلاف قانون ہے، حکام کی یہ کارروائی افسوس ناک اور بزدلانہ ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس گھر میں علی نواز کی ضعیف والدہ اور ان کی ہمشیرہ رہائش پذیر ہیں، حکومت کے پاس اخلاقیات نام کی کوئی چیز نہیں، پی ڈی ایم سرکار اللہ کے غضب سے ڈرے، فسطائی اقدامات کے ذریعے اللہ کے غضب کو دعوت دے رہی ہے۔
عمران نے کہا کہ عمر ایوب اور شہزاد اکبر ملک میں ہی نہیں ہیں لیکن ان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، ہم تاریخ کے سیاہ ترین دور میں زندہ ہیں جہاں آئین کو پامال کردیا گیا اور عدالتی احکامات کو کھلے عام پیروں تلے روندا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بغیر وارنٹس گھروں پر چڑھ دوڑنے اور انہیں تباہ و برباد کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ میڈیا کو مکمل دبا دیا گیا ہے جبکہ بنیادی حقوق کا دور دور تک کوئی اتا پتا نہیں۔
