You are currently viewing صحافت میں فوٹوگرافرز کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، گورنر سندھ

صحافت میں فوٹوگرافرز کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، گورنر سندھ

کراچی (ڈیسک) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی پریس کلب میں پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز کے تحت تین روزہ تصاویری نمائش بعنوان ”کولاچی سے کراچی“ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر شہر کی سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ تصویری نمائش میں کراچی کی سماجی اور معاشی زندگی کی بھرپور عکاسی کی گئی جبکہ تصاویر کے ذریعہ شہر کے مختلف مسائل کو بڑی مہارت سے اجاگر کیا گیا۔ گورنر سندھ نے نمائش میں رکھی گئی فوٹوگرافرز کی تصاویر کا بغور جائزہ لیا اور شاندار تصاویر پر داد بھی دی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ فوٹو جرنلسٹس بڑی بہادری اور جانفشانی سے اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ صحافت میں فوٹوگرافرز کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے، آج کی تصویری نمائش فوٹوگرافرز کی صلاحیتوں کا واضح اور منہ بولتا ثبوت ہے۔ گورنر سندھ نے نمایاں خدمات انجام دینے والے فوٹوگرافرز میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر پیپ کے صدر عباس مہدی، جنرل سیکریٹری محمد جمیل، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب خان، پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، پیپ کے نائب صدر نعمان نظامی، خازن سید عمران علی بھی موجود تھے۔

تصاویری نمائش کی اختتامی تقریب کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب خان، پیپ کے صدر عباس مہدی، سیکریٹری جنرل محمد جمیل ودیگر کا گروپ فوٹو

واضح رہے کہ اتوار کے روز پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز کے تحت کراچی پریس کلب میں ڈو ایڈورٹائزنگ کے تعاون سے تین روزہ تصاویر نمائش کا افتتاح ہیڈ آف مشن برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن مارٹن ڈاؤسن اور کمشنر کراچی اقبال میمن نے کیا تھا، نمائش میں سو سے زائد تصاویر رکھی گئی تھیں، ہیڈ آف مشن برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن مارٹن ڈاؤسن نے اپنے خطاب میں فوٹو گرافرز ایسوسی ایشن کو نادر و یاناب تصاویر کو کتابی شکل میں ڈھالنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک تصویر ہزار الفاظ سے زیادہ با معنی ہوتی ہے، انھوں نے پی اے پی پی کو برٹش قونصلیٹ کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ کمشنر کراچی اقبال میمن نے بھی نمائش کو سراتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا تھا۔ افتتاحی تقریب سے پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز کے صدر عباس مہدی، جنرل سیکریٹری محمد جمیل، کے یو جے کے سابق صدر حسن عباس نے بھی خطاب کیا، تقریب کے اختتام پر معزز مہانوں کو روایتی سندھی اجرک ٹوپی اور شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر عمران علی، اطہر خان، سلطان چاکی، رضوان تبسم، محمد بیگ، اشرف میمن، جلال قریشی، رشید احمد، متین خان، مسرور عابدی، خالد خان، مظہر علی ودیگر بھی موجود تھے۔