You are currently viewing شیخ رشید و ساتھیوں کو غیر قانونی گرفتار کیا گیا، عدالت کارروائی کرے، شیخ عامر شفیق

شیخ رشید و ساتھیوں کو غیر قانونی گرفتار کیا گیا، عدالت کارروائی کرے، شیخ عامر شفیق

راولپنڈی (ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدکے بھتیجے شیخ عامر شفیق نے لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے جس میں کہا گیا کہ شیخ رشید اور دیگر ساتھیوں کو پولیس نے غیر قانونی طور پر گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ عامر کی پٹیشن میں فیڈریشن آف پاکستان، پنجاب حکومت،آئی جی پنجاب، آر پی او، سی پی او،ایس پی آپریشنز،ایس ایچ او سول لائنز،ویسٹریج،وارث خان،نیو ٹاؤن کو فریق بنایا گیا ہے۔
پٹیشن میں کہا گیا کہ پولیس اہل کار شیخ رشید سمیت دیگر افراد کو بغیر وارنٹ نامعلوم مقام پر لے گئے اور غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔
پولیس حکام شیخ رشید سمیت دیگر زیر حراست افراد کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کر رہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج ہے اور نہ ہی کسی مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں ان کی ضرورت تھی۔
استدعا میں بتایا گیا کہ زیر حراست شیخ شاکر کا کسی سیاسی سرگرمی سے تعلق نہیں ہے، وہ تاجر ہیں تاہم انہیں بھی شیخ رشید احمد کے ساتھ غیر قانونی حراست میں لیا گیا ہے۔
عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ پولیس کو زیر حراست افراد کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی جائے اور پٹیشن پر آج ہی سماعت کی جائے ۔