You are currently viewing شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری، موسم خوش گوار

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری، موسم خوش گوار

کراچی (ڈیسک) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، بارش اور ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا جب کہ درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گئی۔
کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی، نیو کراچی، گلستان جوہر اور سرجانی ٹائون میں ہلکی بارش ہوئی۔
ملیر، ماڈل کالونی ، کالا بورڈ اور لانڈھی کی طرف بھی کئی جگہوں پر بارش کے ساتھ ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔
ایک لمبے وقفے کے بعد بارش کے ساتھ ژالہ باری دیکھ کر شہریوں نے خوش گوار حیرت کا اظہار کیا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق کراچی کے شمال اور شمال مشرق کی جانب سے آنے والے بادل بارش برسنے کا سبب بنے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے اکثر شہروں میں 20مارچ تک بارش برسنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں۔

دریں اثناء بارش اور ژالہ باری کے باعث کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔