کراچی (ڈیسک) کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں میں 5ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا۔
کراچی پولیس کی جانب سے اتوار کو موصولہ اطلاعات کے مطابق فیروزآباد پولیس اسٹیشن ڈسٹرکٹ ایسٹ نے گذشتہ شب شاہراہ قائدین پر اللہ والی چورنگی کے نزدیک ہونے والے پولیس مقابلے میں 28سالہ ملزم عزیر ولد پیر محمد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک پستول، رائونڈ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی، ملزم کوطبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تھانہ بہادرآباد،ڈسٹرکٹ ایسٹ میں واقع صلاح الدین روڈ پر ہونے والے مقابلے کے دوران 2ڈاکوئوں کاشف ولد خان محمد اوربابرولد عبدالرزاق کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزمان کے قبضے سے 2پستول، رائونڈز اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے، دونوں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح تھانہ گلبرگ ٹائون، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں موسی کالونی میں واقع اپوا کالج کے نزدیک ایک اور ہونے والے پولیس مقابلے میں1زخمی ملزم سمیت2ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کی شناخت سہیل والد محمد مرشد اور ذیشان کے ناموں سے ہوئی ہے،ملزمان کے قبضے سے2پستول،رائونڈز اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
