You are currently viewing شہرقائد کے بڑھتے مسائل  کا حل : تین بڑی سیاسی جماعتوں  میں اتحاد قائم

شہرقائد کے بڑھتے مسائل کا حل : تین بڑی سیاسی جماعتوں میں اتحاد قائم

کراچی (ڈیسک)  شہر قائد کے  بڑھتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کے لیے تین بڑی سیاسی جماعتوں  میں اتحاد قائم ہو گیا ہے۔

کراچی کے بڑھتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کے لیے کراچی میں مینڈیٹ رکھنے والے تین بڑی سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ میں اتحاد قائم ہوگیا ہے۔ اس اتحاد کے تحت تینوں جماعتوں کے ارکان پر مبنی ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جو کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیاد پر کام کرے گی۔

ترجمان سندھ حکومت مُرتضیٰ وہاب نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے کمیٹی کی تشکیل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے 3، 3 نمائندے شامل ہوں گے، کمیٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے، کمیٹی میں سندھ کی جانب سے صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی جب کہ وفاق کی جانب سے وفاقی وزراء اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق شامل ہوں گے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کمیٹی صوبے کے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹیں کو دور کرے گی، سندھ بھر میں ترقیاتی کاموں کو تیز اور بروقت مکمل کیا جاسکے گا،  سندھ حکومت صوبے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے ہمیشہ سے تیار ہے، تمام حکومتیں مل کر کام کریں گی تو مسائل حل ہوں گے۔

اسی ضمن میں وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ نے کہا ہے کہ تینوں جماعتوں کا کراچی کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم عوام کے لیے خوش خبری ہے، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا اتحاد کراچی کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی دشمن عناصر کو یہ اتحاد ایک آنکھ نہ بھائے گا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی نے ریکارڈ ترقی کی ہے، سندھ حکومت ہر اس جماعت یا فرد کو خوش آمدید کہے گی جو کراچی کی ترقی میں کردار ادا کرے گیں، سندھ حکومت نے نالوں کی صفائی کے حوالے سے وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کو خوش آمدید کہا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک دن میں اربوں روپے سے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، ملک کے کسی صوبے میں اس کی مثال نہیں ملتی، وزیر اعلی سندھ نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کراچی کی ترقی کے لیے جو اقدامات کیے وہ ناقابل فراموش ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت کے مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.