کراچی (ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وطن کے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، ان کی حرمت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
یوم تکریم شہدا کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والوں سے محبت کو اپنا فرض سمجھتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جو قومیں اپنے شہداء کو بھول جاتی ہیں ان کا تاریخ میں نام لینے والا کوئی نہیں ہوتا، شہداء کے خون کا ہم سب پر قرض ہے، انھوں نے اہل پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں مل کر یہ وعدہ کریں کہ پاکستان کی خوش حالی اور ترقی کی خاطر نفرتوں کو ختم کریں، محبت ، الفت، بھائی چارہ ، قربانی اور ایثار کی خوبیوں کے ساتھ اپنے وطن کو ترقی کی منازل سے ہمکنار کریں۔ ۔
