راولپنڈی (ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔
یوم تکریم شہداء کی مرکزی تقریب جنرلز ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور جوانوں نے شرکت کی۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس شہداء کے لواحقین سے خطاب کیا۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے خطاب میں کہا کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، فوج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے، عوام اور فوج شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
شہداء جنہیں اللہ نےحیات جاوداں عطا فرمائی ان کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کرسکتا۔