You are currently viewing شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو دھرنےکی اجازت

شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو دھرنےکی اجازت

اسلام آباد (ڈیسک) راولپنڈی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو فیض آباد کے قریب شرائط و ضوابط کی پابندی کے ساتھ جلسہ کرنے کی اجازت دے دی جب کہ اسلام آباد جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے، راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو آمد و رفت میں پریشانی کا سامنا ہے، انتظامیہ کی جانب سے شہریوںکو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
راولپنڈی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے چھپن نکاتی اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے جن پر عمل درآمد ضروری قرار دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف پر واضح کر دیا گیا ہے کہ شرائط و ضوابط پر عمل درآمد نہ ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ جلسہ کرنے کے بعد جگہ کو فوری خالی کیا جائے گا تا کہ شہر کے معمولات بحال ہو سکیں، انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے آ چکی ہے، جس کے لیے شہر کی انتظامیہ الر ٹ ہے۔ اجازت نامہ ملنے کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے کارکنوں کو اجازت نامے کے مطابق جلسہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف طے شدہ راستہ استعمال کریں گے، اس سے انحراف نہیں کیا جائے گا۔ سن روف والی گاڑی کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ جلسے کے دوران ریاست مخالف نعرے لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ علامہ اقبال پارک کو کارکنان کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ٹریفک پلان پر پوری طرح عمل درآمد کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی جلسے اور دھرنے کے پیش نظر فیض آباد کو چاروں جانب سے سیل کر دیا گیا ہے۔
فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی کی حدود میں پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے جلسے کی تیاری کےلیے کنٹینر لگا کر سڑک بند کردی ہے، جس کی وجہ سے براستہ فیض آباد اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے بند ہوگئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہری متبادل راستے اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 15پر کال کر یں۔