راولپنڈی (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور مسرت جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
شاہ محمود قریشی رہا ہوتے ہی اڈیالہ جیل سے جیسے ہی باہر آئے تو پنجاب پولیس کی نفری انہیں دوبارہ گرفتار کرنے پہنچ گئی۔
جیل کے باہر موجود میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں تھا، ہوں اور رہوں گا۔
شاہ محمود قریشی کی بیٹی نے پولیس سے اپنے والد سے ملاقات کی درخواست کی جس پر پولیس بیٹی سے ایک منٹ کی ملاقات کرانے کے بعد شاہ محمود قریشی کو لے کر روانہ ہوگئی، شاہ محمود قریشی نے اپنی بیٹی کو روزمرّہ کی اشیاء لانے کی بھی تاکید کردی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے شاہ محمود قریشی کو 11 مئی کو اسلام آباد سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔
دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کو تھری ایم پی او کے تحت مزید 15 دن کے لیے نظر بند کردیا گیا ہے جس کا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
