You are currently viewing سی پی این ای کی میزبانی میں پی ایف یو جے، کے یو جے کا مشترکہ اجلاس

سی پی این ای کی میزبانی میں پی ایف یو جے، کے یو جے کا مشترکہ اجلاس

کراچی (نیوز ڈیسک) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کی میزبانی میں پی ایف یو جے، کے یو جے اور دیگر صحافتی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
سی پی این اے کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے سی پی این اے کے جنرل سیکریٹری اعجاز الحق، پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، صدر کے یو جے اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی، حسن عباس، پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وحید راجپر، عارف بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شہید صحافی نصر اللہ گڈانی کے قتل کے خلاف مشترکہ جدو جہد کرنے کے لیے آئندہ اجلاس میں تمام صحافتی تنظیموں کے علاوہ وکلاء، سول سوسائٹی اور ٹریڈ یونینز کے نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

صدر پی ایف یو جے جی ایم جمالی نے اجلاس کو بتایا کہ شہید نصر اللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حکومت اور پولیس نے کچھ دنوں کی مہلت مانگی ہے۔ آئندہ ہفتے ہم ایک بھرپور احتجاج کی تیاری کر رہے ہیں۔
جی ایم جمالی نے کہا کہ سی پی این ای، ایمنڈ، اے پی این ایس اور دیگر تنظیمیں اس جدو جہد کا مکمل ساتھ دیں۔

جس پر سی پی این اے کے جنرل سیکریٹری اعجاز الحق نے کہا کہ سی پی این ای اور ایمنڈ صحافیوں کی ہر جدوجہد میں ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی این اے وسیع تر اجلاس کی میزبانی کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
اجلاس کے دوران اعجاز احمد، امتیاز خان فاران، وحید راجپر، حسن عباس اور دیگر نے مختلف تجاویز پیش کیں۔
پی ایف یو جے اور کے یو جے کی جانب سے سی پی این اے کے نو منتخب جنرل سیکریٹری اعجاز الحق ودیگر عہدیداروں کو مبارک باد پیش کی اور اعجاز الحق کو گلدستے پیش کیے۔