You are currently viewing سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے سندھ حکومت پوری طرح کوشاں ہے، شرجیل میمن

سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے سندھ حکومت پوری طرح کوشاں ہے، شرجیل میمن

کراچی (ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے سندھ حکومت کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 38250 خاندانوں کو راشن بیگس فراہم کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 1322603 خاندانوں میں راشن بیگس تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کی رپورٹ کے مطابق متاثرین میں مزید 13010 خیمے، 35640 ترپال، 36000 مچھر دانیاں، 2400 مویشی مچھر دانیاں، 24000 سولر لائٹس اور 3000 جیری کینس تقسیم کیے گئے ہیں۔ اب تک متاثرین کو 462808 خیمے، 488778 پلاسٹک ترپال، 2898008 مچھر دانیاں، 791178 لیٹر منرل واٹر، 65837 جیری کینس، 26916 مویشی مچھر دانیاں، 87833 پکے کھانے کی دیگیں اور دیگر سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے 760 جانوں کا نقصان ہوا ہے اور 8422 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حالیہ بارشوں سے 435782 جانور ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 2318365 خاندان متاثر ہوئے ہیں جبکہ 7383023 افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ریلیف کیمپوں سے مزید 1800 افراد اپنے گھروں کو روانہ ہوچکے ہیں۔ اس وقت ریلیف کیمپوں میں 352718 متاثرین موجود ہیں جن کو دو وقت کا پکا کھانا اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے سندھ کے بیراجوں پر پانی کی صورتحال سے متعلق بتایا کہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 59900 کیوسک اور اخراج 48600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اسی طرح سکھر بیراج پر پانی کی آمد 46400 کیوسک اور اخراج 35600 کیوسک ہے جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 102500 کیوسک اور اخراج 72700کیوسک ہے۔