You are currently viewing سکیورٹی کو ریاست کے ایک ادارے پر چھوڑنا فاش غلطی ہوگی، وزیراعظم

سکیورٹی کو ریاست کے ایک ادارے پر چھوڑنا فاش غلطی ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں سکیورٹی کی ذمہ داری فوج پر ڈال کر بری الذمہ نہیں ہوسکتیں، اس طرح دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی عملداری کو پوری قوت سے نافذ کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں مبتلا غیر مستحکم ریاست میں اچھی معیشت کا تصور نہیں کیا جاسکتا، نرم ریاست سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل نہیں کرسکتی، ہمیں طاقت کے تمام عناصر کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف کامیابی کے لیے سیاسی اور مذہبی طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا، سکیورٹی کو ریاست کے صرف ایک ادارے پر چھوڑنا فاش غلطی ہوگی، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کو شامل کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
افواج دہشت گردی کیخلاف جو جنگ کر رہی ہے اس کے اخراجات وفاق اٹھاتا ہے، دہشت گردی کیخلاف فوج کی ضروریات پوری کرنے میں کوئی کثر نہیں اٹھا رکھیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یقینی بنائیں گے کہ غلط معلومات اور جھوٹ سچائی کو نہ چھپا سکے، پاکستان کے دشمنوں نے سوشل اسپیس کو زہر آلود کر رکھا ہے، اظہار رائے کا غلط استعمال اور آئین کی دھجیاں اڑانے سے بڑا کوئی جرم نہیں ہوسکتا، ایسے قوانین بنانے ہوں گے جو نفرت اور تقسیم کے بیانیے ختم کرسکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا مسئلہ پیچیدہ ہے، ملک کی پائیدار ترقی کے لیے استحکام اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے، ریاست کی عمل داری کو نافذ کرنا میری اور ہم سب کی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کو اپنی روزی روٹی کی فکر ہے، روزگار کی فکر ہے، مکمل نظام کے بغیر پائیدار ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.