You are currently viewing سکھر: بدنام زمانہ ڈاکو خیرو تیغانی کو فرار کرانے والے 3 اہلکار گرفتار

سکھر: بدنام زمانہ ڈاکو خیرو تیغانی کو فرار کرانے والے 3 اہلکار گرفتار

سکھر (نیوز ڈیسک) سول اسپتال کے جیل وارڈ سے ڈاکو خیرو تیغانی کے فرار ہونے کے معاملے پر پولیس کا مؤقف سامنے آگیا۔
پولیس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے قیدی کے ساتھیوں کو جیل وارڈ تک رسائی دی، 3 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار فرار ہوگیا ہے۔
درج ایف آئی آر کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے خیرو تیغانی کو فرار کرانے میں مدد کی، اہلکاروں نے ملزم کے فرار ہونے کی اطلاع دانستہ طور پر پولیس ہیڈ کوارٹر کو نہیں دی۔
مقدمے کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ملزم کے ساتھی کو 20 دن تک ملزم کے ساتھ جیل وارڈ میں رکھا۔
اسپتال انتظامیہ نے 5 دن قبل علاج مکمل ہونے پر قیدی کو جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم پولیس اہلکاروں نے ملزم کو فرار کرانے کے لیے جیل منتقلی میں تاخیر کی۔
پولیس کے مطابق سرکاری مدعیت میں درج مقدمے میں اے ایس آئی اور 3 کانسٹیبل نامزد ہیں جبکہ جیل وارڈ میں موجود قیدی کے ایک ساتھی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.