اسلام آباد (ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورے کے موقع پر چین نے پاکستان کے لیے ہنگامی بنیادں پر 100 ملین یوان امداد کا اعلان کردیا، چین مجموعی طور پر 500 ملین یوان امداد دے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کے 2 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، دورے کے دوران آرمی چیف نے چینی وزیر دفاع سے ملاقات کی، چینی وزیر دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ چین پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چین پاکستان میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چین کے وزیر دفاع کے جذبات اور پاکستان کے لیے چین کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا، چین کی جانب سے پاکستان کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت 100 ملین یوان امداد کا اعلان کیا گیا ، چینی حکومت پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے مجموعی طور پر 500 ملین یوان امداد دے گی جو پاکستانی روپے میں تقریباً 15 ارب 80 کروڑ روپے بنتی ہے۔