You are currently viewing سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان میں ججز تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کردیا

سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان میں ججز تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کردیا

اسلام آباد (ڈیسک) سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے گلگت بلتستان میں ججز تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کردیا۔
جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
بدھ کے روز سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ جواب دینے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے ۔
اس پر وزیراعلیٰ جی بی کے وکیل مخدوم علی خان نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے مقدمہ زیر التوا ہے، کیس عدالت میں ہے پھر بھی ججز تعیناتیاں کی جارہی ہیں۔
جسٹس مظاہر نے استفسار کیا کہ کیا وزیراعلیٰ کی ایڈوائس ججز تعیناتی میں ضروری ہے؟
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ایک دو ہفتے تعیناتیاں نہ بھی ہوں تو کچھ نہیں ہوگا، ججز چارج سنبھال چکے ہیں، انہیں نوٹس دینے کی قانونی حیثیت آئندہ سماعت پرطے کریں گے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ جی بی میں ججز تعینات کون کرتا ہے؟ اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وہاں ججز کی تعیناتی وزیراعظم پاکستان کرتے ہیں۔
عدالت نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں ججز کی تعیناتی سے روک دیا اور مقدمے کے فیصلے تک تعیناتیوں پرحکم امتناع جاری کردیا۔ بعدازاں سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7