کراچی (ڈیسک) سائٹ سپرہائی وے اور سکھن کے علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک، 5 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے 15 لاکھ روپے نقد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، ایک اہلکار بھی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
واقعات کے مطابق سائٹ سپرہائی وے تھانے کی حدود احسن آباد اللہ بخش گوٹھ سے ایک لاش اور نامعلوم شخص کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا . پولیس نے دعویٰ کیا کہ مقابلے کے دوران ہلاک اور زخمی ملزم کے قبضہ سے دو پستول برآمد ہوئےجبکہ مقابلے میں اسلم ولد اللہ وسایا نامی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے یونیورسٹی روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا، اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اسپتال پہنچ کر زخمی اہلکار کی عیادت کی ۔دریں اثناء تھانہ سکھن کے علاقے بھینس کالونی میں سوڈا فیکٹری کے قریب پولیس مقابلے کے دوران وقار خان عرف وقاص ولد نور محمد افغانی، ملک ندیم عرف ملک ولد قیبہ خان، ثاقب ولد افسر داد، نعمان احمد عرف نومی ولد ظہور احمد نامی ملزمان کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرکے 15 لاکھ روپے نقد، چار پستول، موٹرسائیکل اور 5 موبائل فون برآمد کرلیے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا گروہ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔